کیا آپ ٹی وی دیکھتے دیکھتے سو جاتےہیں ؟

116

اکثر شام کے اوقات میں تھکاوٹ کا شکار ہونے اور ٹی وی دیکھتے ہوئے سو جانے والے افراد کے لیے ماہرین نے انتہائی تشویشناک خبر سنا دی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ جو لوگ شام کے اوقات میں تھکاوٹ کا شکار ہو جاتے ہیں اور اکثر ٹی وی دیکھتے دیکھتے ہی سو جاتے ہیں وہ ممکنہ طور پر بلند فشار خون کے مریض ہوتے ہیں اور ان میں دل کی بیماریوں میں مبتلا ہونے کے امکانات بھی بہت زیادہ بڑھ جاتے ہیں۔ اگر رات کے وقت کسی شخص کو ٹی وی کے سامنے بیٹھ کر اپنی آنکھ کھلی رکھنے کے لیے جدوجہد کرنی پڑتی ہے تو یہ اس کے ہائی بلڈ پریشر کے مرض میں مبتلا ہونے کی علامت ہے اور ہائی بلڈ پریشر دل کے سنگین نوعیت کے عارضوں کی غمازی کرتا ہے۔ ماہرین نے 2400مرد و خواتین پر یہ تحقیق کی ہے جو رات کے وقت تھکاوٹ کا شکار ہوتے ہیں اور ان پر نیند کا غلبہ رہتا ہے۔ تحقیق میں ثابت ہوا کہ جو لوگ بلڈ پریشر کے مریض ہوتے ہیں وہ صحت مند افراد کی نسبت 18منٹ جلدی نیند میں چلے جاتے ہیں۔ ماہرین کا مزید کہنا تھا کہ ایسے لوگ تھکاوٹ کے باعث جلد سو تو جاتے ہیں، مگر ان کی نیند پُرسکون نہیں ہوتی۔ ان کی نیند میں بے قاعدگی ہوتی ہے اس طرح وہ بار بار جاگتے اور سوتے ہیں اور پہلو بدلتے ہوئے رات گزارتے ہیں۔