گھر میں زبردستی گھسنے والے چوہوں سے چھٹکارا پانے کے لئے ٹپس۔۔۔

689

جنیاتی طور پر چوہا ایک جانور ہے جو انسانوں سے بہت قریب ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سائنسدان جب انسانی بیماریوں پر تحقیق کرتے ہیں تو بالعموم چوہوں کو تختہ مشق بناتے ہیں۔ ان میں بیماریوں کے جراثیم داخل کئے جاتے ہیں اور پھر مختلف تجرباتی دوائیں اور ویکسین دے کر ان کے نتائج دیکھے جاتے ہیں۔ اگر یہ تجربات کامیاب رہتے ہیں تو پھر انسانوں کو یہ دوائیں دی جاتی ہیں ، تا کہ حتمی نتائج کی جانچ کی جا سکے۔ شاید یہ اسی جنیاتی مماثلت کا نتیجہ ہے کہ چوہے گھروں میں گھس کر انسانی غذائیں مثلاًروٹی وغیرہ شوق سے کھاتے ہیں اور دیگر کارآمد اشیا ء بھی کتر جاتے ہیں ۔ اس لیے انسان انہیں سخت ناپسند کرتے ہیں اور ان سے پیچھا چھڑانے کے لیے مختلف حربے استعمال کرتے ہیں۔ آئیے چندحربے میں بھی آ پ کو بتاتا ہوں۔
گھر میں موجود خوراک کے تمام ذرائع کو ہٹا لیں
چوہے زیادہ تر ان گھروں میں رہنا پسند کرتے ہیں جن میں کھانے کووافر سامان مل جاتا ہے ۔ تو اس سلسلے میں سب سے پہلے تو ان کی خوراک کاذریعہ بند کریں ، نہ ان کو کھانے کو کچھ ملے گا اور نہ وہ آپ کے گھر آئیں گے۔ اگر آپ اپنے گھر کی ٹھیک طرح صفائی نہیں کرتے تو آپ اپنے گھر میں چوہوں کو خود دعوت دے رہے ہیں۔اس لیے خوراک کو شیشے کے برتن میں یاخاص قسم کے شاپر بیگ میں ڈال کر محفوظ کر لیں۔اس بات کی یقین دہانی کر لیں کہ ان برتنوں کے ڈھکن اچھی طرح بند کر دیے ہیں اور دوسرا یہ کہ اگر گھر میں کوئی پالتو جانور رکھا ہوا ہے تو اس کو خوراک کسی برتن میں ڈال کر کھلائیں نہ کہ زمین پر پھینک دیں جس سے خوراک کے ذرات زمین پر بکھرتے رہیں اور چوہوں کی موج ہو جائے۔
چوہوں کو پکڑنے والے ٹریپ لگائیں
آج کل چوہوں سے نجات حاصل کرنے کے لیے ایک نئی قسم کا ٹریپ استعمال ہو رہا ہے۔ اس میں سے انسانی غذا مثلاًروٹی ، چاول وغیرہ کی انتہائی تیز خوشبو اٹھ رہی ہوتی ہے۔ اس کی ایک سائیڈ کالی ہوتی ہے اور دوسری سائیڈ پر ایک انتہائی طاقت ور گلو(ایک اچھی قسم کی گوند)لگا ہوتا ہے۔ رات کے وقت اسے چوہوں کی آمدورفت کے راستے میں رکھ دیا جاتا ہے۔ اندھیرا ہوتے ہی چوہے خوشبو کے پیچھے دوڑتے ہوئے آتے ہیں اور اس پر چڑھ جاتے ہیں، مگر پھر انہیں اس سے کبھی اترنانصیب نہیں ہوتا، کیونکہ انتہائی طاقت ور گلو ان کے پاؤں جکڑ لیتا ہے۔
عام چوہے دان ایک چوہے کو پکڑ کر غیر موثر ہوجاتا ہے ، مگر یہ ٹریپ انسانی خوراک کی خوشبو کے پیچھے آنے والے مزید چوہوں کا شکار کرتا رہتا ہے ۔ یہاں تک کہ ٹریپ کی جگہ ختم ہو جائے یا چوہے ختم ہو جائیںیا رات ختم ہو جائے۔ پھر صبح اس قید خانے کو چیختے قیدیوں کے ساتھ اٹھا کر کوڑے دان میں پھینک دیا جاتا ہے۔جہاں وہ جان سے چلے جاتے ہیں ، مگر اپنی جگہ سے ہل نہیں پاتے۔یہ ٹریپ پاکستان میں بڑے سٹورز پرہو سکتا ہے کہ دستیاب ہو جائے ، لیکن میرے علم میں صرف ایک ویب سائیٹ ہے جہاں سے یہ مل رہا ہے۔ روپ کارما کا اس ویب سائیٹ سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔ اس لیے اگر آپ کو یہ ٹریپ بازار سے ملتا ہے تو وہاں سے خرید لیں۔
گھر کے کونوں کھدروں میں موجود کریکس کی مرمت کریں
اپنے پورے گھر کی جانچ کریں اور دیکھیں کہ کہاں سے گھر کی دیواریں پھٹی ہوئی ہیں کیونکہ یہی چھوٹے چھوٹے کریکس چوہوں کے گھر کے اندر آنے اور چھپ کر رہنے کے لیے جگہ فراہم کرتے ہیں۔اس لیے اپنے گھر کی دیواروں میں موجود کریکس کو سیمنٹ کے ذریعے اچھے سے بند کر دیں ۔ تا کہ چوہوں کے گھرکے اندرآنے اوررہنے کا ذریعہ مکمل طور پر ختم ہوجائے۔
بلی پال لیں
آپ کا پالتو جانو ر چوہوں کے خلاف آپ کی صحیح مدد کرسکتا ہے۔گھر میں ایک بلی لے آئیں جو کہ چوہوں کی جانی دشمن ہے۔ یقینااس کے آنے سے آپ کے گھر میں موجود تمام چوہے یا تو بھاگ جائیں گے یا پھر موت کے گھاٹ اتار دئیے جائیں گے۔
چوہے مار ادویات کا استعمال
بازار میں چوہے مار ادویات عام مل جاتی ہیں ۔ ان ادویات کو آٹے میں ڈال کر گولیاں بنا لیں اور ان گولیوں کو چوہوں کے بلوں کے قریب اور ایسی جگہوں پر رکھیں جہاں چوہے زیادہ ہوں ۔ لیکن ایک بات کا دھیان رکھیں کہ یہ گولیاں بچوں کی پہنچ سے دور رکھیں ۔ان گولیوں کو کھاتے ہی چوہے اپنے بلوں میں جاکر مر جائیں گے یا گھر کے کسی کونے میں اپنی لاش چھوڑ جائیں گے۔ جس کو ڈھونڈ کر باہرپھینکنے کا کام آپ کا ہے ،کیونکہ ان کی لاشیں گھر میں اور گندگی اور بدبو کا باعث بنتی ہیں۔
اگر کچھ بھی نہ میسر آئے تو کیا کریں
فرض کریں کہ آپ کے کمرے میں چوہا گھس آیا ہے اور آپ کے پاس کوئی ہتھیار نہیں ہے جس سے اس چوہے کو مار سکیں یا گھر سے نکال سکیں تو ہمت سے کام لیں اور کمرے کا دروازہ بند کریں اور ایک پرانا سا ٹاول لیں۔گھبرائیں نہیں چوہاآپ کی شلوار یا ٹراؤزر میں نہیں گھسے گا۔ اس لیے اس کو کسی ایک کونے کی طرف ڈراتے ہوئے لے جائیں اور جب وہ کونے میں پھنس جائے تو اس کے اوپر یہ ٹاول پھینک دیں ۔ چوہے کے اوپر ٹاو ل گرتے ہی وہ جہاں ہے وہی بیٹھ جائے گا۔اب کوئی ڈسٹ بن لیں اور اس کو چوہے کے اوپر الٹا کر کے رکھ دیں ۔ اب ایک گتہ لیں اور ٹاول کے نیچے سے گتے کو چوہوں کی طرف سرکائیں اور گتے کی مدد سے چوہوں کو اٹھا کر باسکٹ میں ڈال دیں ۔ اب ان کو گھر سے کم ازکم 200 فٹ دور جا کر چھوڑیں تا کہ واپس آپ کے گھر نہ جائیں۔
پودینے کے آئل کا استعمال
کسی بھی اچھے پنسار سٹور سے پودینے کا تیل مل جائے گا۔پودینے کی مہک چوہوں کے لئے بہت شدید قسم کی کراہت پیدا کرتی ہے۔پودینے کی خوشبو سونگھتے ہی چوہے وہاں سے بھاگ جاتے ہیں۔اس کے استعمال کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ کاٹن کی روئی پر پودینے کاتیل لگا کر چوہے کے بلوں کے پاس رکھ دیں۔ جیسے ہی پودینے کی خوشبو ان تک پہنچے گی تمام چوہے آپ کے گھر سے بھاگ جائیں گے۔
چوہوں کو بھگانے کے لئے چندایک ٹپس یہ ہیں۔
* گھر میں پودینے کا پودا اگا لیں ۔چوہے آپ کے گھر کے قریب بھی نہیں آئیں گے۔
* چوہوں کو بھگانے کے لیے گھر میں موجود سوراخوں میں کھولتا ہوا گرم پانی ڈالیں۔
* پانی میں تھوڑا سا پودینہ اور پھٹکڑی ڈال دیں اور ات کو دروازے کی چوکھٹوں پر،صوفوں کے نیچے اور قالین کے نیچے بھی چھڑک دیں۔اس سے چوہے بھاگ جائیں گے۔
* جب بھی بال کنگھی کریں تو ایسے با ل جو الجھنے کی وجہ سے ٹوٹ جاتے ہیں وہ بال لے کر چوہوں کے بلوں میں رکھ دیں اور اوپر سے مٹی ڈال دیں،چوہے اپنے آپ بھاگ جائیں گے۔
امید ہے اب آپ کو ان بن بلائے مہمانوں کو بھگانے میں زیاد ہ مشکل کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔